خضدار : بارودی مواد سے بھری 2 گاڑیاں تباہ‘ 4 دہشت گرد ہلاک

خضدار(جسارت ڈ یسک)خضدار میں سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کے دوران بارودی مواد سے بھری 2 گاڑیاں تباہ کردیں جن میں موجود 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 30 جولائی کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں خفیہ اطلاع پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم “فتنہ الہندستان” سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی۔آپریشن کے دوران بارودی مواد سے بھری 2 گاڑیوں کو جنہیں وہیکل بورن امپرووائزڈ ایکسپلوسیو ڈیوائسز کے طور پر تیار کیا گیا تھا سیکورٹی فورسز نے ان کی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگا کر انہیں روک لیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں بارودی گاڑیاں تباہ کردیں جبکہ انہیں چلانے والے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 4 دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے، وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل انسداد دہشت گردی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *