مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 6 زخمیوں سمیت 7 ڈاکو گرفتار
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے الگ الگ کارروائیوں اور مبینہ مقابلوں کے دوران 6 زخمیوں سمیت مجموعی طور پر 7 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے سیکٹر 12-ڈی گلزار سوسائٹی میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ایدھی حکام کے مطابق زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت شاکر حسین کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی۔دوسری کارروائی سپر مارکیٹ پولیس نے لیاقت آباد کے سی ایریا میں کی، جہاں مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ادھر مومن آباد پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جن میں ایک زخمی بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان سے پستول، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ ایک اور کارروائی میں بہادرآباد پولیس نے کارساز روڈ پر کنگری ہاؤس کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزمان علی سلمان اور وسیم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستولیں، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کر لی۔