یورپ میں شمسی توانائی سے بجلی کی 25فیصد پیداوار
برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین میں پہلی بار شمسی توانائی بجلی کا سب سے بڑا ذریعہ بن گئی ہے اور جون میں پہلی بار 25 فیصد بجلی سولر سسٹم سے حاصل کی گئی۔ توانائی پر تحقیق کرنے والے ادارے ایمبر کی رپورٹ کے مطابق جون میں یورپی یونین نے شمسی توانائی سے ریکارڈ 52 ٹیرا واٹ آور بجلی پیدا کی، جو مجموعی ماہانہ بجلی پیداوار کا 25 فیصد بنتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شمسی توانائی پہلی بار یورپی یونین کا سب سے بڑا بجلی کا ذریعہ بن گئی، جبکہ جوہری توانائی 21 فیصد، گیس 15 فیصد، ہوا 14 فیصد، پن بجلی 12 فیصد اور کوئلے کا حصہ صرف 8 فیصد رہا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق 2021 ء سے 2025 ء کے دوران یورپی یونین میں شمسی توانائی کی صلاحیت میں ہر سال اوسطاً 20 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جبکہ صرف 2025 ء میں 65.1 گیگا واٹ کے نئے سولر لگائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق شدید گرمی کی لہر کے باعث توانائی کی بڑھتی طلب کے دوران بھی شمسی توانائی نے بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ رپورٹ کے مطابق جرمنی قابلِ تجدید توانائی حاصل کرنے میں سب سے آگے رہا جہاں مئی میں پہلی بار ملک کی 33 فیصد بجلی شمسی توانائی سے پیدا ہوئی، جبکہ جون میں یہ شرح بڑھ کر 36 فیصد تک پہنچ گئی۔