گسٹا کے اتحاد پینل کا الیکشن چیئرمین پر ووٹ کم کرنے کا الزام
میرپورخاص(نمائندہ خصوصی)گسٹا کے اتحاد پینل کا الیکشن چیئرمین پر ایک ووٹ کم کرنے اور مخالف پینل کی حمایت کرنے کا الزام تفصیلات کے مطابق گسٹا کی 2026ء کی مرکزی انتخابات میں کامیاب ہونے والے مرکزی صدر اعجاز حسن اعوان، جنرل سیکریٹری منظور احمد پنہور، نائب صدر غلام قادر میمن اور دیگر رہنماؤں نے میرپورخاص میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جولائی کو ہونے والے مرکزی انتخابات میں ان کے اتحاد پینل نے 314 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ مخالف الفتح پینل 313 ووٹ لے کر شکست سے دوچار ہوا۔ الیکشن چیئرمین اقبال پنہور نے اپنی دستخط کے ساتھ نتائج کا اعلان کیا تھا انہوں نے کہا کہ گسٹا کے آئین کے مطابق کامیاب امیدواروں سے الیکشن چیئرمین ہی حلف لیتا ہے اس سلسلے میں انہوں نے الیکشن چیئرمین اقبال پنہور سے حلف برداری کے حوالے سے رابطہ کیا، جنہوں نے انہیں میرپورخاص طلب کیا گسٹا رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ اقبال پنہور نے گزشتہ رات 11 بجے چھ ڈویڑنوں کے چیئرمینوں کو بلا کر ایک سازش کے تحت ان کے ایک ووٹ کو خارج کر دیا جس کے نتیجے میں دونوں پینل برابر ہو گئے انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران ان کے ووٹ چار، چار مرتبہ گنے گئے تھے اور اقبال پنہور نے خود اتحاد پینل کے امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد بھی دی تھی انہوں نے مزید الزام لگایا کہ گسٹا پر 13 برس تک قابض رہنے والے حاجی اشرف خاصخیلی کے اقبال پنہور جنرل سیکریٹری رہ چکے ہیں اور وہ لالچ میں آکر غیر قانونی طریقے سے ان کا ایک ووٹ کم کرکے مخالف پینل کے حامی بن گئے ہیں انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے کیونکہ یہ اقدام گسٹا کو تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ رہنماؤں نے اعلان کیا کہ وہ کل دادو میں اجلاس طلب کرکے حلف برداری کا اعلان کریں گے اور ضرورت پڑنے پر عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔