بنگلا دیشی صدر شہاب الدین خراب صحت کے باعث مستعفی
ڈھاکا (صباح نیوز) بنگلا دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے خراب صحت کے باعث اپنے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔ 76 سالہ محمد شہاب الدین اپریل 2023ء سے ملک کے صدر کے منصب پر فائز تھے، تاہم طبی مسائل کے باعث انہوں نے اپنی آئینی ذمہ داریاں مزید ادا کرنے سے معذرت کرتے ہوئے استعفیٰ پیش کر دیا۔ صدر کے پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حالیہ طبی معائنے میں محمد شہاب الدین میں آٹونومک نیوروپیتھی نامی بیماری کی تشخیص ہوئی، جس کے باعث انہیں بعض اوقات اچانک مختصر مدت کے لیے بے ہوشی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسی طبی کیفیت کے باعث صدر نے محسوس کیا کہ وہ اپنے آئینی فرائض مؤثر انداز میں انجام دینے کے قابل نہیں رہے۔محمد شہاب الدین نے اپنے استعفے میں کہا کہ مسلسل بگڑتی جسمانی اور ذہنی صحت کے باعث وہ صدر کے اہم آئینی منصب کی ذمہ داریاں مزید نبھانے کی پوزیشن میں نہیں، اس لیے قومی مفاد میں عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیان کے مطابق بنگلا دیش کے آئین کے تحت نئے صدر کے انتخاب تک جاتیا سنگسد (قومی پارلیمنٹ) کے اسپیکر قائم مقام صدر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔