پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کیخلاف 7 اگست کو سندھ بھر میں احتجاج ہوگا، کاشف شیخ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے اعلان کیا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 7 اگست کو پیٹرولیم لیوی، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف سندھ بھر میں بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر تمام اضلاع کو ملانے والی اہم شاہراہوں پر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے جبکہ صرف ایمبولینسوں کو راستہ دیا جائے گا، یہ بات انہوں نے شہدادپور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر صوبائی نائب امیر افضال آرائیں ، ڈپٹی سیکرٹری سہیل احمد شارق، امیر ضلع سانگھڑ رفیق منصوری، جنرل سیکرٹری ارشد علی خاصخیلی سمیت دیگر ذمے داران موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پیٹرول، بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور ظالمانہ ٹیکسوں کے ذریعے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ حکمران اپنی شاہ خرچیوں اور مراعات میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے، آئی پی پیز کے مہنگے معاہدے منسوخ کیے جائیں، لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کی جائیں۔کاشف سعید شیخ نے کہا کہ 7 اگست سے قبل صوبہ بھر میں عوامی رابطہ مہم اور کارنر میٹنگز منعقد کی جائیں گی جبکہ علما ، تاجروں، وکلا ، مزدوروں، کسانوں، طلبہ، نوجوانوں اور سول سوسائٹی سمیت مختلف طبقات سے رابطے کیے جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کو احتجاجی دھرنوں میں بھرپور شرکت کرکے اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے وزیراعظم شہباز شریف نے اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خاتمے اور معیشت کی بہتری کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے، مگر آج مہنگائی، بے روزگاری اور قرضوں میں غیر معمولی اضافہ ان دعوؤں کی نفی کر رہا ہے۔ ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے جبکہ بجٹ کا بڑا حصہ سود کی ادائیگی میں خرچ ہو رہا ہے، جو ملک و قوم کے لیے تشویشناک صورتحال ہے۔ملک قرضوں وبھیک سے نہیں بلکہ خود داری امانت ودیانت سے چلتے ہیں۔انہوں نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود عوام مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں، ذخیرہ اندوزی اور مافیا کے گٹھ جوڑ نے عام آدمی کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔صوبائی امیرنے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل پر آواز بلند کی ہے۔ بجلی، گیس، آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں، مہنگائی اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف ہماری احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *