بجلی بلوں پر ٹیکس کی مد میں عوام سے 476 ارب روپے وصولی کا انکشاف
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے بجلی کے بلوں میں مختلف ٹیکسوں کی مد میں 476 ارب روپے سے زاید کی خطیر رقم اکٹھی کی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کردہ دستاویزات کے مطابق کل وصولیوں میں351 ارب روپے سیلز ٹیکس جبکہ 124 ارب روپے انکم ٹیکس پر مشتمل ہیں۔گزشتہ برسوں کا موازنہ کیا جائے تو مالی سال 25-2024ء میں 562 ارب، 24-2023ء میں 515 ارب اور 23-2022ء میں 313 ارب روپے ٹیکس اکٹھا کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق انکم ٹیکس (ود ہولڈنگ ٹیکس) کی مد میں صنعتی صارفین سے 66 ارب، کمرشل سے 52 ارب، نان فائلرز گھریلو صارفین سے 4 ارب 82 کروڑ اور سیکشن 235 اے کے تحت دیگر گھریلو صارفین سے ایک ارب 37 کروڑ روپے وصول ہوئے۔ سیلز ٹیکس کے 351 ارب روپے میں سے 269 ارب نارمل، 55 ارب اضافی اور 16.5 ارب ریٹیلرز سے حاصل کیے گئے۔