گلشن معمار میں غیر قانونی پانی کی لائن ڈالنے کیخلاف احتجاج
کراچی (پ ر) جماعت اسلامی گلشن معمار کے زیر اہتمام گلشن معمار سے مبینہ طور پر غیر قانونی پانی کی لائن ڈالنے کے خلاف جماعت اسلامی ضلع گڈاپ کے جنرل سیکرٹری ابو الخیر ملک اور صدر پبلک ایڈ کمیٹی ابو الضیاپرویز کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر ’’گلشن معمار کے پانی پر ڈاکا نامنظور‘‘ کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کہا کہ گلشن معمار کے عوام کے پانی پر کسی بھی قسم کا غیر قانونی قبضہ یا چوری ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ KW&SC اور سہراب ٹاؤن کے وہ تمام افسران جو مبینہ طور پر اس غیر قانونی پانی کی لائن میں ملوث ہیں، ان کے خلاف شفاف تحقیقات کرکے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور قانون کے مطابق ذمہ دار افراد کو گرفتار کیا جائے۔ احتجاج کے شرکانے حکومتِ سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ گلشن معمار کے شہریوں کے پانی کے حق کا مکمل تحفظ کیا جائے، مبینہ غیر قانونی پانی کی لائن کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور مستقبل میں اس قسم کی کارروائیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ مظاہرے میں محلہ کمیٹیوں کے ذمے داران‘ علاقہ مکینوں‘ مرد و خواتین، بزرگ، نوجوانوں اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔