مصطفی کمال سے کراچی کے ہومیوپیتھک کالجز کے وفد کی ملاقات
کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال سے کراچی کے ہومیوپیتھک میڈیکل کالجز کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں ہومیوپیتھک طبی تعلیم، تدریسی امور، ریگولیٹری معاملات اور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں صغراء ہومیوپیتھک میڈیکل کالج کے ایڈمنسٹریٹر شاہد، علوی ہومیوپیتھک میڈیکل کالج کی پرنسپل ڈاکٹر صبا علوی، فاؤنٹین ہومیوپیتھک میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد سلیمان ضیاء اور علوی ہومیوپیتھک میڈیکل کالج کے ایڈمنسٹریٹر سعیدانور شامل تھے، جنہوں نے وفاقی وزیر کو کراچی کے ہومیوپیتھک میڈیکل کالجز کو درپیش انتظامی، تعلیمی اور پیشہ ورانہ مسائل سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت ہومیوپیتھک طبی تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے نمائندگان کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی انتظامی یا تعلیمی معاملے میں بلاجھجھک براہِ راست رابطہ کریں تاکہ باہمی مشاورت سے مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔وفد نے وفاقی وزیر کی یقین دہانی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومتی توجہ سے ہومیوپیتھک طبی تعلیم کے فروغ اور اداروں کو درپیش مسائل کے حل میں نمایاں پیش رفت ہوگی۔