عمران خان کوئی ڈیل نہیں کرینگے ‘ انہیں کوئی پچھتاوا نہیں‘ بیٹے قاسم اور سلیمان کی سی این این سے گفتگو
اسلام آباد (صباح نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان نے کہا ہے کہ ان کے والد عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، ’وہ جسمانی طور پر کمزور ہو چکے ہیں لیکن وہ ذہنی طور پر بہت طاقتور انسان ہیں‘، والد نے آج تک جو کچھ کیا انہیں اس کا کوئی پچھتاوا نہیں۔ تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار قاسم اور سلیمان نے گزشتہ روز سی این این سے بات کرتے ہوئے کیا، قسم اور سلیمان کا کہنا تھا کہ کہ ان کی اپنے والد سے 7 ماہ سے ملاقات نہیں ہوسکی اور وہ ان کی صحت کیلیے فکر مند ہیں۔ قام اور سلیمان خان کا کہنا تھا کہ ’آخری مرتبہ ہماری ان سے مارچ میں فون پر بات ہوئی۔ اس کے بعد ان کے خاندان کو ان سے ملنے کی یا بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’عدالت کے مطابق ہمیں ان سے ہر 2 ہفتے میں بات کرنی ہے۔ لیکن اس مرتبہ یہ طویل ترین عرصہ ہو گیا ہے جب ان سے بات نہیں ہوئی۔ ‘ عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی نامعلوم وجہ سے پاکستان کا ویزا جاری نہیں کیا جا رہا کہ وہ پاکستان جا کر اپنے والد سے ملاقات کرسکیں۔ انہوں نے کہا ’ہمارے پاکستانی پاسپورٹ ایکسپائر ہو چکے ہیں اور ویزا جاری نہ کیے جانے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آ رہی۔‘ ان کا کہنا تھا ان کے والد کا علاج قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں ہے جو ’تشدد کی ہی ایک شکل ہے۔‘ عمران خان کے خلاف قائم مقدمات اور ان کی سزا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے والد پاکستان کے نظام میں بد عنوانی سے بہت خائف تھے۔ وہ ہمیں 5 اور 7 سال کی عمر کے بچوں کو بدعنوانی کے خلاف سمجھاتے تھے تو یہ دیکھنا بہت ہی تکلیف دہ ہے کہ خود انہیں بد عنوانی کے الزام میں قید کیا گیا ہے۔‘ عمران خان کے بیٹوں کا کہنا تھا کہ یہ ان کے کروڑوں ووٹرز اور حامیوں کے لیے بھی غلط ہے کہ انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید کیا گیا ہے۔ دریں اثنا آزادی کے بدلے حکام کے ساتھ کسی ممکنہ ڈیل سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کے والد کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، ’وہ جسمانی طور پر کمزور ہو چکے ہیں لیکن وہ ذہنی طور پر بہت طاقتور انسان ہیں‘۔ ایک اور سوال کہ کیا انہیں اپنے کسی اقدام کا پچھتاوا ہو گا؟ کے جواب میں عمران خان کے بیٹوں کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے آج تک جو کچھ کیا انہیں اس کا کوئی پچھتاوا نہیں۔ ’ہم نے جب بھی ان سے بات کی اس سے کبھی پچھتاوے کا تاثر نہیں ملا۔