گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حیدرآباد میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے کی، جس میں ڈینز، تدریسی و انتظامی افسران، اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام پر جاری بھارتی مظالم کے خلاف اور شہدائے کشمیر کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی قوم حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت طاقت کے استعمال سے کشمیری عوام کی آواز کو دبا نہیں سکتا۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔وائس چانسلر نے جشنِ آزادی کے حوالے سے کہا کہ آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ نوجوانوں کو تحریکِ پاکستان کے مقاصد سے آگاہ کرنا اور ان میں قومی یکجہتی، ذمہ داری اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنا تعلیمی اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *