دھرنا ختم ہوا تو 20 یا 21 اگست کو راولاکوٹ میں الیکشن کرائیں گے‘غلام مصطفی مغل
مظفرآباد (صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر غلام مصطفی مغل نے کہا ہے کہ اگر آئندہ3 سے 4 روز میں جاری دھرنے کا مسئلہ حل ہوگیا تو راولاکوٹ میں 20 یا 21 اگست کو انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام مصطفی مغل نے کہا کہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر باغ اور حویلی میں پہلے پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اضلاع میںسیکو رٹی فورسز تعینات کی جا چکی ہیں جبکہ انتخابی سامان فوج کی نگرانی میں متعلقہ علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 جبکہ دیگر حساس پولنگ اسٹیشنوں پر بھی اضافی سیکورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ 9 اور 10 اگست کو باغ اور حویلی میں انٹرنیٹ سروس بحال کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ انتخابی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ 7 دن کے اندر راولاکوٹ میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔غلام مصطفی مغل نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے گئے دھاندلی کے الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیان بازی کے ذریعے ان الزامات کا جواب نہیں دے سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ووٹوں کی گنتی امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں کی جاتی ہے، اس لیے انتخابی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔