سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ سندھ نعمان بھٹو انتقال کرگئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر ) اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ سندھ کے ون یونٹ کے بعد پہلے و سابق ناظم محمد نعمان بھٹو 77سال کی عمر میں کراچی میںانتقال کرگئے۔وہ چنددنوں سے بیمار اورزیرعلاج تھے۔ نعمان بھٹو1948میں جندودیرو ضلع شکارپور میں پیداہوئے۔اب بڑے عرصے سے وہ کراچی کے علاقے رزاق آباد امروٹی کالونی میں اپنے دیگر بھائیوں وبیٹوں کے ساتھ رہائش پذیرتھے۔مرحوم نے 5 بیٹے ،3 بیٹیاں اوراہلیہ کوسوگوار چھوڑا ہے۔پوراخاندان جماعت اسلامی کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔مرحوم کی نمازجنازہ بعد نماز ظہرمرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو کی اقتدا میں جامع مسجد امروٹی کالونی میں ادا کی گئی اورمقامی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا، صوبائی نائب امیر پروفیسرنظام الدین میمن،امیرحلقہ کراچی منعم ظفر،ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی، نواب مجاہدبلوچ،ناظم عمومی محمد دین منصوری،امیرضلع ملیر سید مفخر، قدرگل سمیت مقامی رہنما کارکنان اورقریبی رشتے دار شریک تھے۔یاد رہے کہ محمدنعمان بھٹو جمعیت سے فراغت کے بعد عملی زندگی میں زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں ملازمت اختیار کی۔رٹائرمنٹ کے بعد جماعت اسلامی ضلع جام شورو کے جنرل سیکرٹری اورجماعت اسلامی سندھ کے بطور تنظیمی آڈیٹر بھی خدمات سرانجام دیں۔دریں اثنا امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن،نائب امیرلیاقت بلوچ،سندھ کے امیرکاشف سعید شیخ،جنرل سیکرٹری محمد یوسف،سینئر رہنما اسداللہ بھٹو ،سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا نے سابق رہنما جماعت اسلامی محمد نعمان بھٹو کی وفات پردلی رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے صبرجمیل کی دعا کی ہے۔