پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لیے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم

کراچی /اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے پانچ نکاتی مطالبات پر عمل درآمد کے لیے حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبات نہ ماننے پر 15 اگست صبح 6 بجے سے ملک بھر میں غیر معینہ مدت کے لیے پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے وائس چیئرمین انور کمال، امیر خان طارق حسن و دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے کیونکہ ملک بھر 14ہزار پیٹرولیم ڈیلرز کا دباؤ بہت بڑھ گیا ہے۔ چیئرمین ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ رد و بدل کاروبار پر اثرانداز ہو رہی ہے۔ چیئرمین ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ڈیلرز مارجن 8 فیصد کیا جائے، ساتھ ہی الٹی میٹم دیا کہ 72 گھنٹے میں حکومت نہیں سنتی تو پیٹرول پمپس بند کردیں گے۔دوسری جانب آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال بھی گزشتہ روز جاری رہی، صدر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے مطابق جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے پہیہ جام ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد اور حکومت کے مذاکرات میں ایک سال تک ٹول ٹیکس نہ بڑھانے کا اصولی فیصلہ ہوگیا۔ ٹرانسپورٹرز ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں ایک سال تک ٹول ٹیکس نہ بڑھانے کا اصولی فیصلہ ہوگیا ہے، ٹول ٹیکس کے حالیہ اضافے میں کچھ کمی کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔ ٹرانسپورٹرز ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ایک ہفتے یا 15 دن تک نہ بڑھانے پربھی اتفاق ہوگیا ہے۔ادھر وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد کے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق 2 روزہ بات چیت میں طے پانے والے فیصلوں کو حتمی شکل دے دی گئی ، موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *