پیٹرولیم لیوی کیخلاف 3اگست کو جماعت اسلامی خواتین کا کراچی میں مارچ کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں روزانہ کی بنیاد پر مسلسل و ہوشربا اضافے اور پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس کی ظالمانہ وصولی کے خلاف 7اگست کو ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی نے فیصلہ کیا ہے کہ پیر 3اگست کو 03:30بجے دن شاہراہ قائدین پر خواتین کا زبردست احتجاجی مارچ کیا جائے گا ، مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے ، یہ فیصلہ حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں خواتین ذمہ داران کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں خواتین مارچ کو بھر پور اور کامیاب بنانے اور شہر بھر سے خواتین کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے متعدد فیصلے و اقدامات بھی کیے گئے اور مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں ، اجلاس میں نچلی سطح کی تمام خواتین ذمہ داران اور کارکنان کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں کہ فوری طور پر مارچ کی تیاریاں اور انتظامات شروع کر دیئے جائیں ، شہر بھر میں عام خواتین سے گھر گھر جا کر بھر پور رابطہ کیا جائے ، پیٹرول قیمتوں میں مسلسل اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث پیدا شدہ مسائل کے حل اور حکومت کے عوام دشمن فیصلوں اور اقدامات کے خلاف خواتین کو بھی منظم اور متحد کیا جائے تاکہ خواتین کی آواز بھی اقتدار کے ایوانوں تک پہنچ سکے ۔