عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گے‘ فیلڈ مارشل
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں اور عوام کی ثابت قدم حمایت بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کا باعث بنیں گی۔ انہوں نے جمعرات کو جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز مکمل عزم کے ساتھ جاری رہیں گے، جب تک دہشتگردی کے ناسور اور اس کے سہولت کاروں کا پاکستان سے خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔ فیلڈ مارشل نے پاکستان کے خلاف خطرہ بننے والے دہشتگرد انفراسٹرکچر کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، متحرک، پرعزم اور محب وطن عوام کا حامل ہے، جو بلوچستان کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے جاری ترقیاتی منصوبے عوامی شمولیت پر مبنی حکمت عملی کے ذریعے بلوچستان کے سماجی و معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنے کے لیے ہیں۔ انہوں نے قومی یکجہتی کے فروغ اور بلوچستان کے طویل المدتی امن و خوشحالی میں سول سوسائٹی، اکیڈمیا، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک کے مستقبل کے لیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیا۔ نشست کے اختتام پر شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی اور خودمختاری کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔