آئی ایم ایف کا یوکرین کو 69 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنیکا اعلان
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) آئی ایم ایف نے نئے پروگرام کے تحت یوکرین کو 69کروڑ ڈالر قرضہ فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس قرض کی فراہمی کا ابتدائی معاہدہ 12 جون کو طے پایا تھا۔ آئی ایم ایف کی پریس سروس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے یوکرین کے لیے ایک نئے قرضہ امدادی پروگرام کے تحت 69کروڑ ڈالر کی قسط کی منظوری دی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ماہرین نے یوکرین کے 8.1 ارب ڈالر کے 4سالہ قرض پروگرام کا پہلا جائزہ مکمل کیا۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے یوکرین کے 48 ماہ کا پہلا جائزہ مکمل کیا۔جاری کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ توسیعی فنڈ سہولت کا انتظام 69کروڑ ڈالر کی یوکرین کو فوری فراہمی کو ممکن بناتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت یوکرین کی کارکردگی بڑے پیمانے پر تسلی بخش رہی ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے حکام نے کہا ہے کہ اوڈیسا میں بحیرئہ اسود کی جنوبی بندرگاہ سے روانہ ہوتے مال بردار جہاز پر روسی حملے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے ۔ یوکرینی بندرگاہ کی انتظامیہ اور بحریہ نے کہا ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں گنی بساؤ کے پرچم بردار بحری جہاز میں آگ لگ گئی جو مکئی لے جا رہا تھا۔ بندرگاہ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 10 متاثرین بھارتی اور شامی عملے کے ارکان ہیں اور ایک اْس کے بحری پائلٹوں میں سے ہے۔ روس اوڈیسا علاقے کے خلاف حملوں میں تیزی لا رہا ہے۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جولائی کے آغاز سے اب تک بچوں سمیت 28 افراد ہلاک اور 71 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ امریکا میں قائم انسٹیٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار کا کہنا ہے کہ بحری جہازوں اور بحیرئہ اسود کی بندرگاہوں پر روسی حملوں کا مقصد غالباً یوکرین کی معیشت اور اْس کی برآمدی صلاحیتیں کم کرنا ہے۔