محسن نقوی کے بیان کے بعد مریم نوازکی اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں
سرگودھا(صباح نیوز)محسن نقوی کے ’’سسٹم فلاپ‘‘ بیان کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں تیزکر دی، وزیر داخلہ محسن نقوی کے ’’سسٹم فلاپ ہوگیا ہے‘‘ کے بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں حکومت کے مستقبل کے حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق خوشاب، وہاڑی سمیت مختلف اضلاع کے اراکین پنجاب اسمبلی سے وزیراعلیٰ کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، جبکہ بعض اضلاع کے اراکین سے اجتماعی طور پر ملاقاتیں کی جارہی ہیں۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں اراکین اسمبلی کو وزیراعلیٰ سے ملاقات کے لیے باقاعدہ وقت ملنا مشکل ہوتا تھا اور اکثر ارکان اسمبلی اجلاس کے دوران ہی وزیراعلیٰ سے ملاقات کرپاتے تھے، تاہم اب صورتحال میں تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان کے بعد عوامی اور سیاسی حلقوں میں یہ تاثر بھی گردش کرنے لگا ہے کہ ’’اب حکومت گئی‘‘، تاہم حکومتی سطح پر اس حوالے سے کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے مختلف اضلاع کے اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا حالیہ سلسلہ سیاسی طور پر خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں نہ صرف اراکین اسمبلی کے مسائل اور ان کے حلقوں کی صورتحال پر گفتگو کی جارہی ہے بلکہ آئندہ سیاسی حکمت عملی اور حکومتی کارکردگی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔دوسری جانب سیاسی حلقوں میں یہ تاثر بھی عام ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کامیابی کے بعد اراکین اسمبلی سے براہِ راست ملاقاتیں کم ہی کرتی ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں وزیراعلیٰ کی جانب سے ضلعی سطح پر اراکین سے ملاقاتوں کا بڑھتا ہوا سلسلہ اس روایت سے مختلف سیاسی حکمت عملی کی نشاندہی کرتا ہے۔