نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت ناگزیرہے‘ مفتی محمدیوسف

کراچی( پ ر) اتحاد المدارس الاسلامیہ پاکستان کے صدر مفتی محمدیوسف خان نے نیو کراچی میں منعقدہ تربیتی نشست میں شرکت کی اورموجودہ ملکی حالات، دینی و اخلاقی ذمہ داریوں اور عوامی کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔ تربیتی نشست میں شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔مفتی یوسف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف چیلنجز سے گزر رہا ہے جن کا مقابلہ صرف اتحاد، شعور اور دینی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی کیا جا سکتا ہے۔ معاشرے کی اصلاح کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا اور اپنی عملی زندگی میں دیانت، سچائی اور انصاف کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے عوام کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام ہمیں اعتدال، برداشت اور اخوت کا درس دیتا ہے، لہٰذا ہمیں نفرت، تقسیم اور انتشار سے بچ کر ایک مضبوط اور متحد قوم بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔ نوجوان نسل کو خاص طور پر دینی و اخلاقی تربیت کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی صحیح معنوں میں خدمت کرسکیں۔مفتی یوسف خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں علماء اور دینی اداروں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ معاشرے کی درست سمت میں رہنمائی کریں اور لوگوں کو مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دیں۔ اگر ہم اپنے انفرادی اور اجتماعی رویوں کو درست کرلیں تو ملک کو درپیش بہت سے مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *