سندھ لیگل ایڈوائزری کال سینٹر کی ایک دہائی مکمل ہونے کا جشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیگل ایڈ سوسائٹی (LAS) نے محکمہ قانون، پارلیمانی امور و فوجداری استغاثہ، حکومتِ سندھ کے اشتراک سے میریٹ ہوٹل، کراچی میں منعقدہ ایک تقریب میں سندھ لیگل ایڈوائزری کال سینٹر (SLACC) کی ایک دہائی مکمل ہونے کا جشن منایا اور اپنی سالانہ رپورٹ 2025–26ء کا اجرا کیا۔ عالمی یوم انصاف کے موقع پر ’’انصاف کی فراہمی اور قانونی بااختیار سازی کی ایک دہائی‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب میں اعلیٰ سرکاری عہدیداران‘ عدلیہ‘ ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے وزیرِ داخلہ، قانون، پارلیمانی امور و فوجداری استغاثہ، حکومتِ سندھ ضیاالحسن لنجار اور خصوصی مہمان کی حیثیت سے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شرکت کی۔ سندھ لیگل ایڈوائزری کال سنٹر کا آغاز 2014ء میں ہوا اور 2018ء میں اسے حکومتِ سندھ کے ساتھ ’لیگل ایمپاورمنٹ آف پیپل پروگرام اِن سندھ ‘(LEPPS) کے تحت پبلک۔پرائیویٹ شراکت داری کی شکل دی گئی۔ آج یہ پاکستان کی سب سے بڑی مفت قانونی ہیلپ لائن بن چکا ہے۔ آغاز سے اب تک اس ٹول فری سروس (0800-70806) نے 605,000 سے زائد کالوں کا جواب دیا اور 363,000 سے زائد قانونی مسائل حل کیے اور چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے 600 سے زائد شہروں و قصبوں کے شہریوں تک رسائی حاصل کی۔ صرف مالی سال 2025–26ء میں سندھ لیگل ایڈوایزری کال سنٹر کو 85,347 کالیں موصول ہوئیں، 66,341 قانونی مسائل حل کیے گئے، 87% کال کرنے والوں کا اطمینان برقرار رہا اور آگاہی تحریکوں کے ذریعے 30 ملین سے زائد افراد تک رسائی حاصل کی گئی۔ سالانہ رپورٹ 2025–26ء ریکارڈ آگاہی، تکنیکی جدت اور مضبوط ادارہ جاتی روابط کے ایک سال کی عکاسی کرتی ہے جن میں NAZ Assist (پاکستان کا پہلا کثیر لسانی، مصنوعی ذہانت پر مبنی قانونی چیٹ بوٹ، اردو، سندھی، پشتو اور انگریزی میں دستیاب)؛ صوبائی محتسب سندھ اور روشنی ہیلپ لائن کے ساتھ باقاعدہ رجوع کاری کے معاہدے اور معذور افراد کے حقوق سے متعلق ایک پالیسی بریف شامل ہے جسے چیف سیکرٹری سندھ نے سراہا۔ مہمانوں نے سندھ لیگل ایڈوایزری کال سینٹر اور NAZ Assist پلیٹ فارم کا براہِ راست مظاہرہ بھی دیکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، وزیرِ قانون ضیاء الحسن لنجار نے حکومتِ سندھ کے انصاف تک رسائی کے عزم کا اعادہ کیا: ’’ سندھ لیگل ایڈوایزری کال سنٹر اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک پْرعزم پبلک–پرائیویٹ شراکت داری کیا کچھ حاصل کر سکتی ہے۔ حکومتِ سندھ اس خدمت کو مزید مضبوط بناتی رہے گی تاکہ سندھ بلکہ پورے پاکستان کا کوئی شہری قانون کے سامنے تنہا نہ رہے۔‘‘ خصوصی مہمان میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا: ’’ سندھ لیگل ایڈوایزری کال سنٹر کا آغاز یہیں کراچی سے ہوا اور آج یہ پورے پاکستان کی خدمت کر رہا ہے۔ میں ہر خاندان سے اپیل کرتا ہوں کہ 0800-70806 کو کسی بھی ہنگامی نمبر کی طرح اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ یہ سروس بالکل مفت ہے۔ لیگل ایڈ سوسائٹی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر بیرسٹر حیاایمان زاہد نے کہا اس رپورٹ کے ہر عدد کے پیچھے ایک ایسا فرد ہے جسے ایک فون کال کے ذریعے وضاحت اور عزت ملی۔ ہم حکومتِ سندھ کے بے حد شکر گزار ہیں۔ اظہارِ تشکر کرتے ہوئے چیف لیگل ایڈوائزر جسٹس عارف حسین خلجی (سابق جج، عدالتِ عظمیٰ پاکستان) نے کہا سندھ لیگل ایڈوایزری کال سنٹر حکومتِ سندھ کی جانب سے عوامِ پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے۔