کیماڑی میں 16 سالہ لڑکی آرمیش کے پراسرار قتل کا معمہ کا حل

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کیماڑی کے علاقے میں 16 سالہ لڑکی آرمیش کے اندھے قتل کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق جیکسن تھانے کی تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی شواہد، فرانزک تجزیے اور تکنیکی تحقیقات کی مدد سے مقتولہ کے سابق منگیتر اور قریبی رشتے دار کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کی شناخت فیضان ولد محمد اسحاق کے نام سے ہوئی ہے،بتدائی معلومات کے مطابق مقتولہ کی کچھ عرصہ قبل دوسری جگہ منگنی طے ہو گئی تھی، جس پر ملزم شدید رنجش اور ناراضی کا شکار تھا۔تحقیقاتی حکام کے مطابق وقوعہ کے روز 16 سالہ آرمیش گھر میں اکیلی موجود تھی، جبکہ اس کی والدہ ملازمت پر گئی ہوئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اسی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر مقتولہ کے ساتھ زیادتی کی اور بعد ازاں گلا دبا کر اسے قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد کا پہلے ہی انتقال ہو چکا تھا، جبکہ ملزم اور مقتولہ ایک ہی رہائشی عمارت میں رہتے تھے، جس کی وجہ سے ملزم کو گھر کے حالات اور معمولات کا مکمل علم تھا۔تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ واردات کے بعد ملزم نے خود کو شک و شبہے سے بچانے کے لیے نہ صرف معمول کے مطابق برتاؤ کیا بلکہ پولیس اور اہلخانہ کے ساتھ مقتولہ کی تلاش میں بھی شریک رہا تاکہ کسی کا شک اس پر نہ جائے۔تحقیقاتی ٹیم کا کہنا ہے کہ ملزم تک رسائی جدید تکنیکی ذرائع، ڈیجیٹل شواہد اور دیگر سائنسی تحقیقات کے ذریعے ممکن ہوئی۔ مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا، مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 (زیادتی) بھی شامل کر لی ہے، جبکہ مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *