بلاول کو نصیحت سے قبل نواز شریف اپنی سیاست کا محاسبہ کریں،ڈپٹی میئر

کراچی (جسارت نیوز) ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے بیان کو سیاسی منافقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چیئرمین بلاول زرداری کو نصیحت کرنے کے بجائے پہلے اپنی سیاست کا محاسبہ کریں۔جاری بیان میں سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تینوں سرکاری میڈیکل کالجز اور پانچوں سرکاری جامعات پاکستان پیپلز پارٹی نے قائم کیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) بتائے کہ اس نے اپنے ادوارِ حکومت میں کیا عملی کام کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا کام صرف وعدے کرنا اور انتخابات کے موسم میں ترقی کے خواب دکھانا ہے، جبکہ اقتدار میں آنے کے بعد عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ڈپٹی میئر کراچی نے الزام عاید کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے جب بھی اقتدار سنبھالا، قومی اداروں کو نقصان پہنچایا اور بعد میں انہیں فروخت کرکے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو بھی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے چلایا جا رہا ہے۔سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ کسی مرض کا علاج مریض کو ختم کرنا نہیں بلکہ بیماری کا علاج کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اب نعروں اور دعوؤں کے بجائے عملی کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *