نیتن یاہوکو گرفتار کرنے کا اختیار نہیں ،ظہران ممدانی
نیویارک (آن لائن)نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے جاری ایک وڈیو بیان میں کہا ہے کہ اگر اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نیویارک آتے ہیں تو شہر کی انتظامیہ کے پاس انہیں گرفتار کرنے کا قانونی اختیار نہیں ہے۔ ممدانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہماری انتظامیہ نے تمام متعلقہ قوانین کا جائزہ لیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا نیویارک سٹی بین الاقوامی فوجداری عدالت کے گرفتاری وارنٹ پر عمل کر سکتی ہے یا نہیں۔ جائزے کے بعد واضح ہوا ہے کہ شہر کو یہ آزادانہ قانونی اختیار حاصل نہیں ہے البتہ وفاقی حکومت کے پاس یہ اختیار موجود ہے، اور میں مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ آئی سی سی میں شامل ہو کر اس وارنٹ پر عمل کرے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل نیویارک ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں ممدانی نے کہا تھا کہ وہ اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ اس امکان کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اگر نیتن یاہو نیویارک آئیں تو انہیں مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے تحت گرفتار کیسے کیا جا سکتا ہے ۔وسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو اپنے پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بنیامین نیتن یاہو کو کسی بھی صورت، کسی بھی طریقے سے گرفتار نہیں کیا جائے گا۔