وزارت خارجہ میں قونصلر سروسز کے لیے شام کی شفٹ کا آغاز

اسلام آباد(صباح نیوز) وزارت خارجہ نے عوام کو بہتر اور زیادہ سہولت بخش خدمات کی فراہمی کے لیے قونصلر سروسز میں شام کی شفٹ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت شہری اب پیر سے جمعہ تک صبح 8بجے سے رات 8بجے تک قونصلر خدمات حاصل کر سکیں گے۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پراس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کی شفٹ کے آغاز کا مقصد عوام کے لیے قونصلر خدمات کو مزید قابل رسائی، آسان اور مؤثر بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اپنی سہولت کے مطابق سرکاری خدمات سے استفادہ کر سکیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق نئے اوقات کار کے تحت قونصلر خدمات کا دورانیہ نمایاں طور پر بڑھا دیا گیا ہے، جس سے ملازمت پیشہ افراد، طلبہ، کاروباری شخصیات اور دیگر شہریوں کو دفاتر کے اوقات کے بعد بھی اپنی دستاویزات اور دیگر قونصلر امور نمٹانے میں آسانی ہوگی ۔وزارت خارجہ نے بتایا کہ نئے اوقات کار سے متعلق تمام تفصیلات عوامی نوٹس میں جاری کر دی گئی ہیں اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قونصلر خدمات کے حصول کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق وزارت خارجہ سے رجوع کریں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *