ماتلی، چورہول سیل ایجنسی 4 لاکھ کی نقدی لے اڑے
ماتلی (نمائندہ جسارت) ماتلی کی ظہیر کالونی میں نامعلوم چور ماتلی پریس کلب کے رکن اور نوجوان صحافی دل مراد کمبوہ کے بھائی مزمل کمبوہ کی ہول سیل ایجنسی کے تالے توڑ کر مبینہ طور پر تقریباً چار لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ماتلی پولیس موقع پر پہنچی، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دیں ۔ پولیس کے مطابق ملزمان واردات کے بعد جاتے ہوئے اپنے ساتھ لایا گیا تالا ایجنسی کے دروازے پر لگا گئے تاکہ فوری طور پر چوری کا علم نہ ہو سکے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی اسی ایجنسی پر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جس میں پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹی گئی رقم برآمد کر لی تھی۔ ایک ہی کاروباری مرکز پر مختصر عرصے میں دوسری واردات کے بعد صحافتی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی شخص کے کاروبار کو بار بار نشانہ بنائے جانے سے مختلف سوالات جنم لے رہے ہیں، جن کا جواب شفاف تحقیقات سے ہی سامنے آ سکتا ہے۔ شہریوں اور صحافی برادری نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جدید تفتیشی اور تکنیکی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار، چوری شدہ رقم و سامان برآمد اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں اور صحافیوں میں پائی جانے والی تشویش کا ازالہ ہو سکے۔