ادریس چوہا اورشان سہگل کی پاکستان اکنامک سمٹ میں شرکت
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر): حیدرآباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر احمد ادریس چوہان اورنائب صدر شان سہگل نے یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے اشتراک سے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان اکنامک سمٹ 2026 میں شرکت کرتے ہوئے حیدرآباد کی تاجر و صنعتکار برادری کی نمائندگی کی اور ملکی معیشت، ایس ایم ای سیکٹر، برآمدات اور کاروباری اصلاحات سے متعلق اہم تجاویز پیش کیں۔سمٹ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار، یو بی جی کے پیٹرن اِن چیف ایس ایم تنویر، صدر FPCCI عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر FPCCI ثاقب فیاض مگوں سمیت حکومتی نمائندوں، صنعتکاروں، برآمد کنندگان، معاشی ماہرین اور ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران نے شرکت کی۔HCSTSI کے وفد نے وفاقی وزراء، FPCCI اور UBG کی قیادت سے ملاقاتیں کرتے ہوئے حیدرآباد اور سندھ کے چھوٹے تاجروں و صنعتکاروں کو درپیش مسائل، توانائی کی بڑھتی لاگت، ٹیکس نظام، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے ایس ایم ای سیکٹر کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔سینئر نائب صدر احمد ادریس چوہان نے کہا کہ چھوٹے تاجر اور چھوٹی صنعتیں ملکی معیشت کی بنیاد ہیں، تاہم انہیں مہنگی توانائی، پیچیدہ ٹیکس نظام اور مالی وسائل کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ایس ایم ای سیکٹر کو آسان قرضوں، جدید ٹیکنالوجی، بہتر صنعتی انفراسٹرکچر اور کاروبار دوست پالیسیوں کے ذریعے مضبوط بنایا جائے تاکہ روزگار اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے۔نائب صدر شان سہگل نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے سرکاری اداروں کی جدید خطوط پر اصلاح، ڈیجیٹل گورننس، تحقیق و ترقی، مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی اور برآمدات پر مبنی صنعتی پالیسی ناگزیر ہے۔