الخدمت کا تحت خصوصی بچوں کا 7 ہفتوں پر محیط سمر کیمپ مکمل
لاہور (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے اسپیشل ایبلٹی کلب کے زیرِ اہتمام سات ہفتوں پر محیط خصوصی بچوں کا سمر کیمپ کامیابی سے ختم ہوگیا۔ اختتامیتقریب میں نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر زاہد لطیف، صدر پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان صائمہ شبیر، صوبائی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ لبنیٰ جبین، ڈاکٹر میمونہ آصف، عامر جعفری سمیت مختلف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندگان، شراکت دار تنظیموں، والدین، رضاکاروں اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور سوشل ویلفیئر کمپلیکس کے باہمی اشتراک سے منعقدہ سمر کیمپ میں اے آر سی ایل، رائزنگ سن اور غزالی ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بطور سپورٹنگ آرگنائزیشنز تعاون فراہم کیا۔سات ہفتوں تک جاری رہنے والے سمر کیمپ میں خصوصی بچوں کی ذہنی، جسمانی، تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے جامع تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان صائمہ شبیر نے کہا کہ خصوصی بچوں کی بحالی صرف طبی سہولیات تک محدود نہیں بلکہ ان کی تعلیم، نفسیاتی معاونت، سماجی شمولیت اور والدین کی رہنمائی بھی یکساں اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان میں خصوصی افراد کو تعلیم، بحالی، صحت، روزگار اور سماجی شمولیت جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، انہیں خوداعتماد بنانا اور ان کے والدین کی رہنمائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اپنے اسپیشل ایبلٹی پروگرام کے تحت خصوصی افراد کی بحالی، تعلیم، صحت، معاون آلات کی فراہمی، فزیوتھراپی، اسپیچ تھراپی اور خاندانی معاونت کے مختلف منصوبوں پر مسلسل کام کر رہی ہے تاکہ خصوصی افراد باوقار، خودمختار اور بااعتماد زندگی گزار سکیں۔ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب معاشرے کا ہر فرد، بالخصوص خصوصی افراد، مساوی مواقع سے مستفید ہو۔ انہوں نے کاروباری برادری، صنعتکاروں اور مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کی تعلیم، تربیت، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ صوبائی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ لبنیٰ جبین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مختلف علاقوں کے دوروں کے دوران ہر آفت اور مشکل گھڑی میں الخدمت کے رضاکار خدمتِ خلق میں مصروف نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا حکومت اور سماجی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے خصوصی بچوں کی تعلیم، بحالی اور سماجی شمولیت کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام خصوصی بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کے خاندانوں کو امید اور حوصلہ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔