سوات میں خودکش حملے کی پُرزور مذمت کرتے ہیں‘ایم کیوایس سی
کراچی (پ ر) بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی) پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے 4اگست یوم شہدائے پولیس کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ فرض کی راہ میں اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے پولیس کے بہادر شہداکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بہادر شہداء کے خاندان اور محکمے سے بھرپور اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام امن اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس کے بہادر شہدا سمیت دیگر فورسز کے شہداء وقوم کے ہیرو ہیں انہیں کبھی نہیں بھولیں گے اور شہدائے پولیس سمیت مختلف سیکورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، امن کے دشمنوں کے خلاف پولیس و دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ ان کا مزید یہ بھی کہنا ہے کہ شہدا کی قربانیاں ہمیں احساس دلاتی ہیں کہ بہادر جوانوں اور افسروں نے اپنے آج کو وطن عزیز پر قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ بنایا ہے ان شہیدوں کی ماؤں کی عظمت کو سلام ہے جنہوں نے اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کیے۔ علاوہ ازیں اسلم خان فاروقی نے خیبرپختونخوا میں سوات کے علاقے کبل میں تھانہ کبل کے قریب خودکش حملے کے نتیجے میں 15 افراد کے جاں بحق اور 23 کے زخمی ہونے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ پوری قوم اپنے بہادر پولیس اہلکاروں اور افواج پاکستان کے جوانوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔