کمرے میں جنریٹر کا دھواں بھر نے سے 2 افراد جاں بحق
کراچی( اسٹاف رپورٹر ) تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود، کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی سیکٹرB میں بند کمرے میں جنریٹر سے خارج ہونے والے زہریلے دھوئیں کے باعث چھ مزدور بے ہوش ہوگئے، جن میں سے دو نوجوان دورانِ علاج دم توڑ گئے، جبکہ چار دیگر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق اطلاع موصول ہوئی کہ بابو پٹھان چپلی کباب ہوٹل کے چھ مزدور، جو مکان نمبر 417، سیکٹر B میں کرائے پر رہائش پذیر تھے، اچانک بے ہوش ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ زمان ٹاو ¿ن پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ریسکیو عملے کی مدد سے تمام متاثرین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق متاثرہ مزدوروں نے بجلی کی بندش کے باعث صبح کے وقت اپنے کرائے کے کمرے میں جنریٹر چلایا۔ کمرہ بند ہونے کی وجہ سے جنریٹر سے خارج ہونے والا دھواں اور کاربن مونو آکسائیڈ اندر جمع ہو گئی، جس کے باعث وہاں موجود تمام چھ افراد بے ہوش ہو گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں عابد نامی شخص پانی کی موٹر چلانے کے لیے وہاں پہنچا۔ دروازہ کھولنے پر اس نے تمام افراد کو بے ہوش پایا، جس پر فوری طور پر پولیس اور ریسکیو اداروں کو اطلاع دی گئی۔متاثرین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود دو نوجوان جانبر نہ ہو سکے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت وقاص ولد غلام قیوم اور ندیم ولد محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں کی عمریں تقریباً 18 سے 20 سال کے درمیان ہیں، جبکہ دیگر چار متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔