پیٹر ول پر 35پیسے کی کمی پر مونس الٰہی کا حکومت پر دلچسپ طنز
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پٹرول کی قیمت میں حکومت کی جانب سے رات گئے کی جانے والی معمولی کمی پر تحریک انصاف کے رہنما مونس الٰہی کا دلچسپ اور طنزیہ ردِعمل سامنے آیا ہے۔ مونس الٰہی نے پٹرول کی قیمت میں محض 35 پیسے فی لیٹر کی کمی کو ریلیف کا مذاق قرار دیتے ہوئے حکومت پر اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں شدید تنقید کی ہے۔ حکومت کی جانب سے نئی قیمتوں کے اعلان کے بعد مونس الٰہی نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک طنزیہ بیان میں کہا کہ نہ 5 پیسے، نہ 10 پیسے، پٹرول کی قیمت میں اکٹھے 35 پیسے کی عظیم الشان کمی کی گئی ہے، مہنگائی میں پسے ہوئے عوام کو اتنا بڑا ریلیف ملنے پر اب قومی سطح پر جشن منایا جانا چاہیے اور یہ ریلیف دینے والوں کو 35 توپوں کی سلامی تو لازمی بنتی ہے۔مونس الٰہی کا یہ طنزیہ ردِعمل حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر جاری کیے گئے نئے نوٹیفکیشن کے بعد سامنے آیا ہے، حکومت نے روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں طے کرنے کے نئے نظام کے تحت پٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 315.80 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ ایک طرف جہاں پٹرول میں صرف 35 پیسے کا برائے نام ریلیف دیا گیا، وہیں دوسری طرف ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5.71 روپے فی لیٹر کا بڑا اضافہ کرکے نئی قیمت 360.06 روپے فی لیٹر کردی گئی۔