میرپورماتھیلو، واپڈا کی نجکاری کیخلااف ملازمین کا احتجاج

میرپورماتھیلو(نمائندہ جسارت)واپڈا کی نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج، دفاتر کی تالہ بندی، حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق واپڈا کی نجکاری سے متعلق حکومتی پالیسی کے خلاف واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین میرپور ماتھیلو کی اپیل پر واپڈا ملازمین نے واپڈا دفتر کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا،احتجاج کے دوران ایکسین آفس اور آر او آفس کے ملازمین نے مکمل طور پر دفاتر کی تالہ بندی کرتے ہوئے کام کا بائیکاٹ کیا،جبکہ ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی،احتجاج کی قیادت یونٹ ایکسین آفس کے چیئرمین علی گل چھن،مظفر علی سومرو،آر او آفس کے چیئرمین خادم حسین بوہڑ،وقار احمد گڈانی اور حفیظ اللہ کھوسو نے کی،دونوں یونٹس کے تمام ملازمین نے احتجاج میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے بجلی کے شعبے کی نجکاری کو ملازمین اور قومی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا،اس موقع پر یونین رہنما مظفر علی سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے شعبے کی نجکاری سے ہزاروں ملازمین کا روزگار خطرے میں پڑ جائے گا، جبکہ عوام کے لیے بجلی مزید مہنگی ہونے اور خدمات متاثر ہونے کا خدشہ بھی بڑھ جائے گا،انہوں نے کہا کہ واپڈا اور بجلی تقسیم کرنے والے ادارے قومی اثاثے ہیں،جنہیں نجی شعبے کے حوالے کرنا کسی بھی صورت میں قومی مفاد میں نہیں،یونین رہنماؤں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ملازمین خاموش نہیں بیٹھیں گے بلکہ احتجاجی تحریک کو مزید تیز کرتے ہوئے ضلعی،ڈویڑنل اور قومی سطح تک وسعت دی جائے گی،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نجکاری کا فیصلہ واپس لے کر واپڈا ملازمین کے حقوق،روزگار اور سروس اسٹرکچر کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *