رائیونڈ کا ایک شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے‘ بلاول
میر پور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ رائیونڈ کا ایک شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننا چاہتا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وزیراعظم پاکستان ہی آزاد کشمیر کا وزیراعظم منتخب کرے۔آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے ایک بار پھر حق حکمرانی، مالکیت اور حق روزگار کا انتخابی ایجنڈا دہراتے ہوئے کہا کہ اگر کشمیریوں نے انتخابات میں ووٹ دے کر اکثریت دلوائی تو یہ تینوں مسائل حل کردیں گے۔بلاول نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ رائیونڈ کو پنجاب سمجھتے ہیں کیونکہ اندرون صوبے کی حالت بہت بری ہے اور انہیں اس کی کوئی پرواہ بھی نہیں ہے‘ اب یہ چاہتے ہیں کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا فیصلہ اسلام آباد سے ہو اور رائیونڈ کا ایک شہری اب آزاد کشمیر کا وزیراعظم بننے کا خواہش مند ہے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ اگر خواجہ آصف کشمیریوں سے معافی نہیں مانگتے تو پھر ان کے بیان کو وفاقی حکومت کی پالیسی اور خاموشی کو تائید سمجھا جائے گا۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ خواہش ہے کشمیر کا نمائندہ سڑک پر احتجاج کے بجائے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بیٹھ کر اپنے حقوق کی بات کرے‘ کشمیر کا فیصلہ پنجاب، سندھ، اسلام آباد یا کوئی اور نہیں کرے بلکہ کشمیری خود کریں۔