جماعت اسلامی کراچی کے تحت امیرالعظیم کی غائبانہ نماز جنازہ اداکی گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری امیرالعظیم کی غائبانہ نماز جنازہ الخدمت ہیڈ آفس میں سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی کی امامت میں اد اکی گئی ۔ نماز جنازہ میںادارہ نور حق اور الخدمت کے کارکنوں و ذمے داران نے شرکت کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے توفیق الدین صدیقی نے امیر العظیم کی دینی ، تحریکی ، تنظیمی ، سیاسی ، سماجی و عوامی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مرحوم نے ساری زندگی اقامت دین کی جدو جہد کے لیے وقف کر دی تھی ، تنظیم اور تحریک سے ان کی گہری اور والہانہ وابستگی تھی جو آخری وقت تک قائم رہی ، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی خدمات کو قبول اور درجات بلند کرے اور اہل خانہ ، لواحقین و کارکنان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی جمعرات کو ہونے والی پریس کانفرنس ملتوی کر دی گئی اور وہ فوری طور پر لاہور روانہ ہو گئے۔ منعم ظفر خان نے منصورہ لاہور میں امیر العظیم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی ۔ علاوہ ازیں امیر العظیم کے انتقال پر نائب امرا کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ ، مسلم پرویز، راجا عارف سلطان، ڈاکٹر واسع شاکر، انجینئر سلیم اظہر، نوید علی بیگ، معاونین خصوصی برجیس احمد ، عبد الوہاب ،محمد اسحاق خان،ڈپٹی سیکرٹریز راشد قریشی ،یونس بارائی،عبد الرزاق خان ، عبد الرحمن فدا،ابن الحسن ہاشمی ،انجینئر صابر احمد،ڈاکٹر عظیم الدین ،وقاص اعظمی ،منیر یعقوب ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سینئر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمد نے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت ،لواحقین وپسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اورتحریکی ، سماجی و سیاسی اور عوامی خدمات پر ان کو خراج ِ تحسین پیش کیا۔