خریداری کا رجحان کمزور پڑ گیا‘ اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار
کراچی (کامرس رپورٹر) خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی ،وسیع پیمانے پر منافع وصولی اور غیر یقینی صورتحال کے باعث خریداری کا رجحان کمزور پڑنے سے تقریباً تمام بڑے شعبوں میں فروخت کا دباؤ بڑھنے کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو کاروبار کاا ختتام مندی پر ہوا۔ کے ایس ای 100انڈیکس 2600پوائنٹس گھٹ گیا اور مارکیٹ نے 3نفسیاتی حدیں کھو دیں۔ 100 انڈیکس 174400کی سطح سے کم ہو کر 171700کی کم سطح پر بند ہوا۔مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 265ارب روپے ڈوب گئے جبکہ 75.45فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو مثبت آغاز کے بعد دن بھر کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور بجلی پیدا کرنے والے شعبے میں نمایاں فروخت کا دباؤرہا جس کی وجہ سے ایک موقع پر انڈیکس 171655پوائنٹس کی کم سطح پر بھی ٹریڈ ہوا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو کے ایس ای 100انڈیکس میں 2690پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 174429پوائنٹس سے گھٹ کر171739پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 882 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30 انڈیکس 51216 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 105686 پوائنٹس سے گھٹ کر 104259پوائنٹس پر آگیا۔ کاروباری مندی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 265ارب6کروڑ12لاکھ75ہزار896روپے کی کمی ہوئی اور سرمائے کا مجموعی حجم 19360 ارب 63 کروڑ 32 لاکھ 20 ہزار 317 روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو 23ارب روپے مالیت کے 52کروڑ51لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ 25ارب روپے مالیت کے 69 کروڑ 56 لاکھ حصص کے سودے ہوئے تھے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز مجموعی طور پر493کمپنیوں میں شیئرز کا کاروبار ہوا جس میں سے 91کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،372میں کمی اور30کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے سنر جیکو پاک ،پاک ریفائنری ،ٹی پی ایل پراپرٹیز ،دیوان سیمنٹ اور ورلڈ کال ٹیلی کام سرفہرست رہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سیالعباس شوگر ملز لمیٹڈ کا بھائو33.01روپے بڑھ کر 917.96روپے ہو گیا۔ اسی طرح 32.88روپے کے اضافے سے دی تھل انڈسٹریز کارپوریشن لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 1081.25روپے ہو گئی جبکہ پی آئی اے ہولڈںگ کمپنی لمیٹڈ کا بھاو648روپے گھٹ کر 16952روپے ہو گیا۔ اسی طرح 136.43روپے کی کمی سے خیر پور شوگر ملز لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 1227.87روپے پر آگئی۔