امریکا نے ایران‘ روس اور چین کے 130 تحقیقاتی و تعلیمی اداروں پر پابندی لگادی،پاکستان سمیت 60 ممالک پر نئے ٹیرف عاید

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی انتظامیہ نے قومی سلامتی اور تجارت سے متعلق دو بڑے اور اہم فیصلے کرتے ہوئے ایک طرف جہاں چین، روس اور ایران کے 130 تحقیقاتی و تعلیمی اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، وہاں دوسری جانب پاکستان سمیت دنیا کے 60 ممالک پر نئے در آمدی ٹیرف نافذ کر دیے ہیں۔ امریکی محکمہ جنگ (پینٹاگون) کی جانب سے جاری کردہ فیصلے کے مطابق چین، روس اور ایران کے 130 اداروں کو حساس ٹیکنالوجی کی غیر مجاز منتقلی اور سکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا ہے تاکہ امریکی جدید ترین ٹیکنالوجی اور سائنسی تحقیقات تک ان اداروں کی رسائی کو روکا جا سکے۔ دوسری جانب امریکی ٹریڈ ریپریزنٹیٹو (USTR) نے تجارتی ایکٹ کی دفعہ 301 کے تحت ایک بڑا اقدام کرتے ہوئے پاکستان، بھارت، برطانیہ، چین، کینیڈا اور یورپی یونین سمیت 60 ممالک سے آنے والی در آمدات پر 10 سے 12.5 فیصد تک اضافی ٹیرف عاید کر دیا ہے۔ واشنگٹن انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ سخت اقدامات ان ممالک کی جانب سے اپنے در آمدی اور پیداواری عمل میں جبری مشقت (Forced Labor) کے روک تھام کے لیے بین الاقوامی قوانین اور مؤثر اقدامات نہ کرنے پر اٹھائے گئے ہیں۔ تاہم، خام تیل، قدرتی گیس، کھاد اور چند بنیادی زرعی مصنوعات کو ان نئے ٹیرف سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *