میرپور ڈویژن میں انتخابی مہم ختم‘ہر قسم کے جلسے جلوسوں پر مکمل پابندی

مظفرآباد ‘میرپور(صباح نیوز)آزاد جموں و کشمیر میں پہلے مرحلے کے انتخابات میرپور ڈویذن میں پیر کو ہوں گے ۔انتخابی مہم 25 اور 26 جولائی کی درمیانی شب 12:00 بجے اختتام پذیر ہو گئی۔ ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے تمام امیدواران، سیاسی جماعتوں، ان کے انتخابی ایجنٹس، کارکنان اور عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ عام انتخابات 2026ء کے سلسلے میں میرپور ڈویژن میں 27 جولائی کو ہونے والی ووٹنگ کے لیے انتخابی مہم 25 اور 26 جولائی کی درمیانی شب 12:00 بجے اختتام پذیر ہو جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشن ایکٹ کی دفعہ 112 کے تحت مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد متعلقہ انتخابی حلقوں میں کسی بھی قسم کا عوامی جلسہ، جلوس، ریلی، کارنر میٹنگ یا انتخابی اجتماع منعقد کرنے، اس کا اہتمام کرنے یا اس میں شرکت کرنے پر مکمل ممانعت ہوگی۔ پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ان کے حامیوں سے توقع رکھتا ہے کہ وہ انتخابی قوانین، ضابط اخلاق اور کمیشن کی جاری کردہ ہدایات پر روح کے مطابق مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ 27 جولائی کو انتخابات پرامن، شفاف، آزادانہ اور منصفانہ ماحول میں منعقد ہو سکیں۔ ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ انتخابی مہم کے اختتام کے بعد کسی بھی قسم کی قانون شکنی یا ضابط اخلاق کی خلاف ورزی پر متعلقہ قوانین کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ ہوگی، جہاں مجموعی طور پر 287 امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے، جبکہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لیے انتخابی مہم 25 جولائی کی رات 12 بجے ختم ہو جائے گی اور اس کے بعد کسی بھی قسم کے جلسے، جلوس، دھرنوں یا کارنر میٹنگز پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی تفصیلات کے مطابق ڈویژن کے مختلف حلقوں میں امیدواروں کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت ضلع میرپور میں حلقہ ایل اے 1 (ڈڈیال) سے 20، حلقہ ایل اے 2 (چکسواری و اسلام گڑھ) سے 24، حلقہ ایل اے 3 (نیو میرپور سٹی) سے 34 اور حلقہ ایل اے 4 (کھڑی شریف) سے 20 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ ضلع بھمبر کے حلقہ ایل اے 5 (برنالہ) سے 18، حلقہ ایل اے 6 (سماہنی) سے 17 اور حلقہ ایل اے 7 (بھمبر 3) سے 28 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں۔ اسی طرح ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں انتخابی دنگل سجے گا جہاں حلقہ ایل اے 8 (راج محل) سے 19، حلقہ ایل اے 9 (فتح پور تھکیالہ) سے 12، حلقہ ایل اے 10 (کوٹلی سٹی) سے 29، حلقہ ایل اے 11 (سہنسہ) سے 24، حلقہ ایل اے 12 (چڑہوئی) سے 15 اور حلقہ ایل اے 13 (کھوئی رٹہ) سے 27 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں، جبکہ مجموعی طور پر میرپور ڈویژن میں سب سے زیادہ 34 امیدوار نیو میرپور سٹی (ایل اے 3) اور سب سے کم 12 امیدوار فتح پور تھکیالہ (ایل اے 9) سے اپنے اپنے انتخابی نشان کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔عام انتخابات 2026 کے سلسلے میںمیرپور ڈویژن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مجموعی طور پر 18 ہزار 560 اہلکار تعینات  کیے جائیں گے ۔ میرپور میں ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب میں کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز خان نے بتایا کہ انتخابات 2026 کے لیے میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ 437 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جن میں 7 لاکھ 24 ہزار 811 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 626 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ڈویژن میں 2316 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 1241 انتہائی حساس، 724 حساس اور 351 نارمل پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر میرپور ڈویژن نے بتایا کہ میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 288 امیدوار عام انتخابات 2026 میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں حلقہ LA-3 میرپور سٹی سے سب سے زیادہ 34 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ LA-10 کوٹلی سے 29، LA-7 بھمبر سے 28، LA-13 کھوئیرٹہ سے 27، LA-2 چکسواری؍اسلام گڑھ اور LA-11 سہنسہ سے 24، 24 امیدوار میدان میں ہیں۔ اسی طرح LA-8 راج محل سے 21، LA-1 ڈڈیال سے 20، LA-4 کھڑی شریف سے 19، LA-5 برنالہ سے 18، LA-6 سماہنی سے 17، LA-12 چڑھوئی سے 15 جبکہ LA-9 فتح پور تھکیالہ سے 12 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مجموعی طور پر میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں 288 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، کمشنر میرپور نے کہا کہ انتخابی انتظامات اور سکیورٹی کی نگرانی کے لیے پورے ڈویژن میں 13 زونز اور 205 سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتخابی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیں گے۔ڈی آئی جی پولیس کامران علی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتخابات 2026 کے پرامن انعقاد کے لیے میرپور ڈویژن میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مجموعی طور پر 18 ہزار 560 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن میں ضلع میرپور کے لیے 5536، ضلع بھمبر کے لیے 4504 اور ضلع کوٹلی کے لیے 8520 اہلکار شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے سکیورٹی کا تین سطحی نظام تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت پولیس فرسٹ ٹئیر، سول آرمڈ فورسز سیکنڈ ٹئیر جبکہ پاک فوج تھرڈ ٹئیر کے طور پر خدمات انجام دے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکنڈ ٹئیر میں پاکستان رینجرز (پنجاب)، پاکستان رینجرز (سندھ) اور فیڈرل کانسٹیبلری کے اہلکار شامل ہوں گے، جبکہ پاک فوج کے 2100 جوان بھی انتخابی سکیورٹی کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور پولنگ اسٹیشنز، حساس مقامات اور عمومی علاقوں میں مربوط سکیورٹی پلان کے تحت فرائض انجام دیے جائیں گے تاکہ انتخابات 2026 کا انعقاد ہر لحاظ سے پرامن، شفاف اور منظم انداز میں یقینی بنایا جا سکے ۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *