آزاد کشمیر انتخابات، میرپور ڈویژن میں 27 جولائی کو عام تعطیل کا اعلان
مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت آزاد جموں و کشمیر نے الیکشن کمیشن کی سفارش پر 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے مطابق قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں پولنگ ہوگی، اس لیے تعطیل صرف میرپور ڈویژن کی حدود تک محدود رہے گی۔دوسری جانب ضلع بھمبر میں عام انتخابات کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق جلسوں، جلوسوں اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی۔ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 اگلے حکم تک نافذ العمل رہے گی، جبکہ شہریوں سے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔