رائس ایکسپورٹرزکے اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کا چین کا کامیاب دورہ
کراچی (کامرس رپورٹر) رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اعلیٰ سطحی تجارتی وفدنے محمد جاوید جیلانی سینئر وائس چیئرمین ریپ کی قیادت میںچین کے شہر گوانگڑو، شینزن اور بیجنگ کاروزہ دورہ کامیابی سے مکمل کیا۔ اس دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان چاول کی تجارت کو مزید مستحکم کرنا، چینی مارکیٹ میں پاکستانی چاول کو فروغ دینا اور چین کے سرکردہ درآمد کنندگان، تجارتی تنظیموں اور سرکاری اداروں کے ساتھ براہِ راست روابط کے ذریعے کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنا تھا۔وفد میں مندر جہ ذیل ممتاز چاول کے بر آمد کنندگا ن : محمد جاوید جیلانی – سینئر وائس چیئرمین REAP اور وفد کے سربراہ، رفیق سلیمان ، وفد کے شریک سربراہ، مہیش کمار کنوینر وفد، جیتندر کمار بدلانی، فواد حامد احمد غریب، میاں احمد اکبر، ٹیکا مل، محمد عثمان، اشوک کمار، داود علی مہکری، کپل دیو، کیلاش کمار پنجانی، محمد حذیر شیخ، سچن جے اوکرانی، محترمہ ندا ترمذی، سید تبریز الدین چشتی، عارف علی خان – سیکریٹری وفدشامل تھے۔ وفد نے چین کے ممتاز اداروں کے ساتھ بزنس ٹو بزنس (B2B) ملاقاتوں، سیمینارز میں شرکت کی، جن میں گوانگ ڈونگ چیمبر آف کامرس آف امپورٹرز اینڈ ایکسپورٹرز (GDCCIE)، چائنا کوآپریٹو ٹریڈ انٹرپرائزز ایسوسی ایشن، گوانگ ڈونگ ایگروبزنس گروپ، گوانگڑو انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر، شینزن گرین امپورٹرز، گوانگ ڈونگ پراونشل ایسوسی ایشن آف گرین سیکٹر، ڈونگ گوان تائی لیانگ رائس انڈسٹری لمیٹڈ کمپنی، گوانگڑو فوڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن، یورپ،گوانگ ڈونگ،ہانگ کانگ، مکاو چیمبر آف کامرس اور چائنا نیشنل ایسوسی ایشن آف گرین سیکٹر (CNAGS) شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے ذریعے پاکستانی برآمد کنندگان کو چینی خریداروں کے ساتھ براہِ راست روابط قائم کرنے، کاروباری مواقع پر مذاکرات کرنے کا موقع ملا۔دورے کے دوران وفد کے شریک سربراہ رفیق سلیمان نے پاکستان کی چاول کی صنعت کے حوالے سے ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی، جس میں پاکستانی چاول کے اعلیٰ معیار، مختلف اقسام، برآمدی صلاحیت اور مسابقتی حیثیت کو اجاگر کیا گیا۔