توانائی کی بلند قیمتوں کو خدشہ‘ اسٹاک مارکیٹ میں مندی
کراچی (کامرس رپورٹر )مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، توانائی کی بلند قیمتوں کا خدشہ، عالمی مارکیٹوں میں کمزور رجحان اورمنافع وصولی کی خاطر فروخت کے دبائو سے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی مندی کا رجحان غالب رہا اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ مارکیٹ ایک بار پھر 1 لاکھ76ہزار کی نفسیاتی حد سے گر گئی اور انڈیکس 175500کی سطح پر بند ہوا۔سرمایہ کاروں کے 60 ارب روپے ڈوب گئے جبکہ 56.36 فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی ہوا اور ایک موقع پر 174612 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر ٹریڈ ہوا تاہم مثبت زون میں کاروباری سرگرمیاں آنے سے انڈیکس 176234 کی دن کی بلند سطح پر بھی دیکھا گیا۔ جمعرات کوکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 495 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 176042پوائنٹس سے گھٹ کر 175547پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 158 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 52475 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 106543 پوائنٹس سے کم ہو کر 106217 پوائنٹس پر آ گیا۔ کاروباری مندی سے مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 60 ارب 58 کروڑ 19 لاکھ 2 ہزار 371 روپے رہ گیا اور سرمائے کا مجموعی حجم 19778 ارب 15 کروڑ 24 لاکھ 78 ہزار 356 روپے رہ گیا۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو مجموعی طور پر 495کمپنیوں میں شیئرز کا کاروبار ہوا جس میں سے 175کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،279میں کمی اور 41کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔