مٹیاری، مون سون کے دوران تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

مٹیاری(نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد دانش ذاکر نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران ضلع میں بارشوں کی موجودہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ آئندہ متوقع بارشوں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام محکمے باہمی رابطے کو مزید مؤثر بنائیں اور اپنی مشینری، افرادی قوت اور دیگر ضروری وسائل ہر وقت فعال حالت میں رکھیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار لطیف ہال، ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری میں مون سون سیزن 2026ء کے دوران موجودہ صورتحال، اب تک کیے گئے اقدامات اور آئندہ کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے مون سون بارشوں کے آغاز سے اب تک کیے گئے اقدامات، درپیش مسائل اور اپنی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ آئندہ متوقع بارشوں کے پیش نظر کیے جانے والے انتظامات اور ہنگامی منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے فعال و غیر فعال ڈرینیج سسٹم، پمپنگ اسٹیشنز، نصب شدہ پمپس، ڈیزل انجنز، اسٹینڈ بائی جنریٹرز، نالوں اور ڈرینز کی ڈی سلٹنگ، بارش کے دوران استعمال ہونے والی مشینری و آلات، اضافی مشینری کی دستیابی، صحت کی سہولیات، ایمبولینسز، ادویات، ویکسین، طبی عملے کی دستیابی اور ہنگامی صورتحال میں ریلیف سامان کی فراہمی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد دانش ذاکر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھیں، ریسکیو اور طبی سہولیات ہر وقت دستیاب رکھیں اور ممکنہ مزید بارشوں کے پیش نظر پیشگی منصوبہ بندی کے تحت تمام وسائل کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *