ڈی ایچ اے کیلئے یومیہ 10 لاکھ گیلن اضافی پانی کی فراہمی کی منظوری
کراچی (کامرس رپورٹر)کراچی کے حلقہ این اے 241 سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اور سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ یومیہ 10 لاکھ گیلن اضافی پینے کے پانی کی فراہمی کی منظوری دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ان کے انتخابی منشور “بہتر پی ڈی اے” کا اہم حصہ تھا، جس کی سندھ حکومت نے حالیہ اجلاس میں منظوری دی تھی، اور اس طرح پیپلز پارٹی نے اپنا وعدہ پورا کردیا۔ ڈاکٹر اختیار بیگ نے پیپلز پارٹی کے چیٔرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس منصوبے کیلئے ذاتی دلچسپی لی۔142 ارب روپے کی لاگت سے منظور ہونے والے اس منصوبے سے کراچی میں پانی کی قلت میں کافی حد تک کمی آئے گی۔ڈاکٹر اختیار بیگ نے یقین دلایا کہ وہ اس منصوبے کو عدالت کے احکامات کے مطابق جلد از جلد تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کریں گے تاکہ علاقے میں سنگین پانی کا بحران ختم ہو سکے۔