کشمیر کی صورتحال: اسلامی جمعیت طلبہ کا ملک گیر احتجاج‘مظاہرے
لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور،حیدر آباد (نمائندہ جسارت)ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر کی کال پر آزاد جموں کشمیر اور راولاکوٹ کی موجودہ صورتحال کے خلاف بدھ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہو ئے جن میں طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اسلامی جمعیت طلبہ کی صوبائی،مقامات اور ڈویژن قیادت نے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی احتجاج میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان اور دیگر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے آزادجموں کشمیر کی حالیہ صورتحال جاری تشدد گرفتار شدہ عوام اور دیگر پیش آنے والے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مسائل فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ناظمِ اعلیٰ صاحبزادہ وسیم حیدر نے اپنے بیا ن میں کہا کہ آزاد جموں کشمیر میں حالیہ کشیدگی اور تشدد کے واقعات انتہائی تشویش ناک اور تکلیف دہ ہیں۔آزاد کشمیر صورتحال کا واحد حل مزاکرات،مسائل کا حل جبر وتشدد نہیں حکومت طاقت استعمال نہ کرے۔اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں اور تمام محروم طبقات کے جائز،آئینی اور جمہوری حقوق کی بھر پور حمایت کرتی ہے اور ہر مظلوم کی آواز بننے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں طلبہ اور عوام نے کتبے اٹھارکھے تھے۔جن پر حکومتی تشدد اور گرفتاریوں کیخلاف نعرے درج تھے۔تفصیلات کیمطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے ہونے والے بڑے مظاہرے سے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ پنجاب شمالی احمد عبداللہ نے خطاب کیا۔مظاہرے سے ناظم اسلام آباد حاشر عباسی،ناظم انٹر نیشنل اسلامک یو نیورسٹی اسلام آباد عثمان صادق اور ناظم راولپنڈی آصف اعوان نے بھی خطاب کیا۔پشاور میں پریس کلب کے سامنے بڑے احتجاجی مظاہرے سے ناظم پشاور ڈویڑن جواد حسین اور معتمدپشاور مقام قاسم ہمدرد نے بھی خطاب کیا۔خیبر پختو نخوا کے دیگر اضلاع ہری پور،مینگورہ سوات، بنوں، مردان تیمرگرہ،چارسدہ،ہری پور اور ایبٹ آباد میں بھی مظاہرے ہو ئے۔ملتان میں ناظم مقام محمد واجد انور نے مظاہرے کی قیادت کی۔بہاولپور،ڈی جی خان، تاندلیانوالہ، مظفرگڑھ، ساہیوال، رحیم یار خان،چونیاں، رحیم یار خان اور قصور میں بھی مظاہرے ہو ئے۔اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب شمالی کے اضلاع جہلم،گجرات،گجرانوالہ،سیالکوٹ،فیصل آباد،سرگودھا،جڑانوالہ،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔بلوچستان ڑوب اور کراچی میں بھی مظاہرے ہو ئے۔گلگت پر یس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی قیادت ناظم مقام شفیق الرحمن نے کی۔مظاہرین نے حکومت سے آزاد کشمیر میں مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اور مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں کرفیو ں کو فوری طور پر ختم کرکے تعلیمی اداروں کو کھول دیا جائے۔