ن لیگ اور پی پی نے سیاست کو اسٹیبلشمنٹ کی لونڈی بنانے میں ہولناک کردار ادا کیا‘لیاقت بلوچ
لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی، سیاسی، قومی اور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے جمہوریت، انتخابات، ووٹ کے تقدس اور سیاست کو اسٹیبلشمنٹ کی لونڈی بنانے میں ہولناک کردار ادا کیا ہے،ادجموں وکشمیر میں عوام اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی لاشیں گر رہی ہیں لیکن دونوں اتحادی جماعتیں سیٹوں کی بندربانٹ،ووٹ کے تقدس کی پامالی کے شرمناک کھیل میں ملوث ہیں۔، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ناجائز ٹیکسز عوام کے لئے قابل قبول نہیں، سات اگست احتجاج کی کال حافظ نعیم الرحمن غریب، متوسط طبقات اور خواتین و نوجوانوں کی ترجمانی کر رہے ہیں،حکومتیں جان لیں کہ عوام کے غصے اور پریشانیوں کا لاوہ پھٹنے کو تیار ہے۔لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر انتخابی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر میں ایک دوسرے کے بارے میں کڑوا سچ اگل رہے ہیں اور میثاق جمہوریت کے جھوٹ پر اکٹھے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے جمہوریت، انتخابات، ووٹ کے تقدس اور سیاست کو اسٹیبلشمنٹ کی لونڈی بنانے میں ہولناک کردار ادا کیا ہے۔ آزادجموں وکشمیر میں عوامی احتجاج پر ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان انتہائی تکلیف دہ تصادم ہو رہا ہے،عوام اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی لاشیں گر رہی ہیں لیکن دونوں اتحادی جماعتیں سیٹوں کی بندربانٹ،ووٹ کے تقدس کی پامالی کے شرمناک کھیل میں ملوث ہیں، جوائنٹ عوامی کمیٹی کا احتجاج کمیٹی کی قیادت اور سیکورٹی فورسز کے اندھی طاقت کے استعمال کے غرور کی وجہ سے دونوں کے ہاتھوں سے معاملات نکل گئے ہیں۔ وزیراعظم، فیلڈمارشل،قومی سیاسی قیادت اور آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت معاملات کو سنبھالیں اور انسانی جانوں کے ضیاع سے پیدا ہونے والی ہولناکی کا سدباب کریں۔ مسئلہ کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا دیا گیا ہے۔ شہداء کا خون بدتدبیروں کو معاف نہیں کرے گا۔ سیکورٹی فورسز نے کئی مرتبہ جوائنٹ عوامی کمیٹی سے مذاکرات اور معاہدے کئے جو غلط حکمت عملی ثابت ہوئی۔ اب یہ مرحلہ تھا کہ سیاسی کردار کو راستہ دیا جاتا اور المناکی سے بچا جا سکتا تھا۔ صورتحال کو سنبھال کر اس کا بہتر اختتام کر لیا جائے۔ یہ زخموں پر مرہم کا کام کرے گا،انسانی جانیں، سیکورٹی اداروں اور عوام کی برابری کی بنیاد پر ہیں،آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی نے انتخابات کا تقدس پامال کر دیا ہے اور اپنی روش سے انڈیا کے کشمیر پر شب خون مارنے کے طرز کا ماحول پیدا کر رہی ہیں جو بڑا المناک،سفاک اور سیاسی خودغرضی کا بدترین کھیل اور شہداء کی قربانیوں سے غداری ہو گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ناجائز ٹیکسز عوام کے لئے قابل قبول نہیں،آئی ایم ایف کو غلط بنیاد بنایا جا رہا ہے،قومی محصولات میں اضافہ اسی وقت ممکن ہے کہ پیداواری لاگت کم ہو اور تیل، بجلی، گیس کی قیمتیں قابل برداشت ہوں۔ سات اگست احتجاج کی کال حافظ نعیم الرحمن غریب، متوسط طبقات اور خواتین و نوجوانوں کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں بیک وقت پرامن احتجاج ٹرانسپورٹ، موٹرسائیکل والے خود شاہراہوں کو جام کر دیں گے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں جان لیں کہ عوام کے غصے اور پریشانیوں کا لاوہ پھٹنے کو تیار ہے۔ مودی اور حسینہ واجد نہیں ٹھہر سکے،فارم 47 والوں کی تو کوئی بنیاد ہی نہیں۔