پاکستان کے پہلے قلیل مدتی خودمختار ہائبرڈ سکوک کا کامیاب اجراء

کراچی (کامرس رپورٹر) میزان بینک نے پاکستان کے پہلے قلیل مدتی خودمختار (Sovereign) ہائبرڈ سکوک کے کامیاب اجرا پر وزارتِ خزانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے ملک کے اسلامی مالیاتی شعبے کی ترقی میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ میزان بینک نے اس تاریخی اجرا میں حکومتِ پاکستان کے جوائنٹ فنانشل ایڈوائزر کی حیثیت سے اہم کردار ادا کیا۔ وزارتِ خزانہ کی جانب سے متعارف کرایا گیا یہ سکوک پروگرام پاکستان کا پہلا کم اثاثہ جاتی (Asset-Light) قلیل مدتی خودمختار ہائبرڈ سکوک ہے، جو 3 اور 6 ماہ کی مدت پر مشتمل ہے اور اسلامی مالیاتی نظام میں جدت کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔اس جدید سکوک اسٹرکچر میں اجارہ (Ijarah) اور کموڈیٹی مرابحہ (Commodity Murabaha) کے ماڈلز کو یکجا کیا گیا ہے، جس کے ذریعے حکومت کو شریعہ سے ہم آہنگ سرمائے کے حصول کا ایک جدید طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ اسلامی بینکاری صنعت میں لیکویڈیٹی مینجمنٹ کو مزید موثر بنانے کی راہ بھی ہموار ہوئی ہے۔اس جدید سکوک اسٹرکچر کی تشکیل وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اسلامک فنانس ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ اور اسلامی مالیاتی اداروں پر مشتمل کنسورشیم کے قریبی اشتراک سے عمل میں آئی، جس میں دبئی اسلامک بینک پاکستان، بینک اسلامی اور بینک الفلاح اسلامک شامل تھے۔ اس تاریخی اجرا کی کامیابی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX)، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان (CDC) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (NCCPL) نے بھی اجرا، سیٹلمنٹ اور مارکیٹ انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعے اہم کردار ادا کیا۔ تین ماہ کی مدت کے سکوک کی نیلامی کو سرمایہ کاروں کی جانب سے غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی، جہاں 25 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 153 ارب روپے سے زائد کی بولیاں موصول ہوئیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *