مرحوم کے ڈی اے افسر کے واجبات کی ادائیگی کا حکم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ/ آئینی بینچ میںکے ڈی اے کے مرحوم افسر کے لواحقین کی پینشن واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست‘ عدالت نے کے ڈی اے کو واجبات کی ادائیگی کا حکم دے دیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار ثنا عزیز کے والد عزیز احمد 2012ء میں ڈائریکٹر آئی ٹی کی پوسٹ پر ریٹائر ہوئے تھے، تمام قانونی کارروائی کے باوجود ریٹائرڈ افسر کو پینشن اور واجبات ادا نہیں کیے گئے، کے ڈی اے نے واجبات تسلیم کرنے کے باوجود ادائیگی نہیں کی، کے دی اے کے وکیل کاکہنا تھا کہ کے ڈی اے اب تک تین لاکھ پچاس ہزار روپے ادا کرچکا ہے، ادائیگی میں تاخیر بدنیتی نہیں بلکہ درپیش مالی مشکلات کے باعث ہوئی، واجبات کی ادائیگی کے لیے سندھ حکومت سے پانچ ارب روپے کی گرانٹ طلب کی گئی ہے، عدالت کاکہنا تھا کہ ریکارڈ کے مطابق مرحوم افسر کے واجبات ان کی زندگی میں ادا نہیں کئے گئے، درخواست گزار قانونی وارث ہونے کے باعث واجبات کی حقدار ہیں، پینشن اور ریٹائرمنٹ فوائد کسی ادارے کی صوابدید نہیں بلکہ قانونی حق ہے، واجبات کی بروقت ادائیگی ریاستی اداروں کی آئینی ذمہ داری ہے، ادارے کی مالی مشکلات ملازمین کو تسلیم شدہ حقوق سے محروم رکھنے کا جواز نہیں بن سکتیں، سرکاری ادارے مالی اور انتظامی امور بہتر انداز میں چلانے کے پابند ہیں، کے ڈی اے درخواست گزار کو واجبات کی مد میں ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ادا کرے،عمل درآمد رپورٹ رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو پیش کی جائے۔