واسا ملازمین کا مطالبات کی عدم منظوری کیخلاف 31ویں روز بھی احتجاج
حیدرآباد ( اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کے واسا ملازمین کے مطالبات کی تکمیل کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے31ویں روز بھی ذاکر اللہ، محمد ندیم، شاہد خان، جاوید بھٹی اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین ماہانہ تنخواہوں اور پنشن سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 19 ماہ سے تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن میں سی ای او، فائنانس آفیسر اور من پسند سٹاف کو ہر ماہ تنخواہیں جاری کی جاتی ہیں اور تمام مراعات حاصل کر رہے ہیں لیکن غیر فعال ملازمین کی تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن ادا نہیں کی جاتی جو کہ مزدور دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ہر ماہ کروڑوں روپے وصول کرنے کے باوجود غیر فعال ملازمین اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور جلد از جلد تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کی جائے اور ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جائے۔