سندھ بدترین سیاسی‘ معاشی وسماجی بحران سے دوچار ہے‘ رخشندہ منیب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے زیرِ اہتمام صوبائی سہ ماہی رپورٹنگ اجتماع منعقد ہوا، جس میں صوبہ بھر کی ناظمات اضلاع، نائب ناظمات، ضلعی ذمہ داران اور صوبائی ٹیم نے شرکت کی۔ اجتماع میں جنوری تا جون 2026ء کی تنظیمی، دعوتی، تربیتی اور سماجی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ آئندہ ششماہی کے اہداف اور منصوبہ بندی پر بھی غور کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے کہا کہ سندھ اس وقت شدید سیاسی، معاشی اور سماجی بحران سے دوچار ہے۔ بدامنی، مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم و صحت کی زبوں حالی، پانی کی قلت، بدعنوانی اور حکومتی نااہلی نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں جماعت اسلامی ہی وہ قوت ہے جو دیانت دار قیادت، عوامی خدمت اور اسلامی فلاحی نظام کے ذریعے ملک و قوم کو حقیقی متبادل فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی “بدلو نظام” تحریک نے عوام میں مثبت شعور بیدار کیا ہے اور لوگ فرسودہ سیاسی نظام سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کی طرف امید بھری نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔ اس پیغام کو مزید مؤثر انداز میں ہر گھر، ہر خاندان اور معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ رخشندہ منیب نے جماعت اسلامی کی جاری ممبر سازی مہم کا جائزہ لیتے ہوئے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ ممبر سازی کو محض ایک تنظیمی سرگرمی نہ سمجھا جائے بلکہ اسے ایک عظیم دعوتی ذمہ داری کے طور پر انجام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارکن اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خواتین، نوجوانوں اور خاندانوں تک جماعت کا پیغام پہنچائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس دعوت سے وابستہ ہوں۔ اجتماع میں تمام اضلاع کی ناظمات نے جنوری تا جون کی تنظیمی، دعوتی، تربیتی، تعلیمی، سماجی خدمت، میڈیا اور رکن سازی کے شعبوں کی کارکردگی پیش کی۔ صوبائی ناظمہ نے رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے نمایاں کامیابیوں کو سراہا، کمزوریوں کی نشاندہی کی اور آئندہ کے لیے قابلِ عمل تجاویز اور اہداف طے کیے۔ اجتماع میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ موجودہ حالات میں عوام سے مضبوط روابط، مؤثر ابلاغ، نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت، خاندان کے ادارے کے استحکام اور خواتین میں دعوتی شعور بیدار کرنے کے لیے مزید منظم اور مربوط کوششیں کی جائیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبہ سندھ میں جماعت اسلامی کے دعوتی مشن، ممبر سازی مہم اور “بدلو نظام” تحریک کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا اور عوام کے مسائل کے حل، اسلامی اقدار کے فروغ اور ایک صالح، باکردار اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔