کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ ہارون اختر
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے جوائنٹ سیکریٹری اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی کے چیئرمین فریدون اکرم شیخ بھی موجود تھے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ہارون اختر خان کی معاشی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ہارون اخترخان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن پاکستان کی معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار کر رہا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف ہمیشہ کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہیں، حکومت کی اولین ترجیح کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ قومی صنعتی پالیسی مقامی صنعتوں کی ترقی اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے لیے تشکیل دی گئی ہے، ضابطہ جاتی اصلاحات کے جامع پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے تاکہ غیر ضروری سرکاری رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جا سکے،ہم سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے لیے آسان، شفاف اور کاروبار دوست نظام قائم کر رہے ہیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ترکی کے آئندہ تجارتی وفد کے دورے سے متعلق معاونِ خصوصی کو آگاہ کیا۔ہارون اخترخان نے کہا کہ ترکی کے تجارتی وفد کا دورہ پاکستان کی برآمدات اور تجارتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔