پی اینڈ ڈی بورڈ کی پی سی ون منظوری کیلیے نئی گائیڈ لائنز جاری
لاہور(آن لائن)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ نے مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لیے پی سی ون (PC-I) سے متعلق نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ نئی ہدایات کے مطابق تمام صوبائی محکموں کو منظور شدہ ترقیاتی سکیموں پر مقررہ اہداف اور ٹائم لائن کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔پی اینڈ ڈی بورڈ کے مطابق ہر ترقیاتی منصوبے میں مجموعی لاگت، تکمیل کی مدت، ذمہ دار افسر، متوقع نتائج اور کارکردگی کے اشاریے واضح طور پر درج کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ منصوبوں کی پیشرفت اور حاصل ہونے والے نتائج کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے گی تاکہ ترقیاتی اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔نئی پالیسی کے تحت تمام محکموں کو ترقیاتی سکیموں کے نام، لاگت، مقام اور دیگر متعلقہ تفصیلات پیشگی، درست اور مکمل فراہم کرنا ہوں گی تاکہ منصوبوں کی منظوری اور عملدرآمد کے عمل میں شفافیت اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔گائیڈ لائنز میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ مالی سال کے دوران ترقیاتی سکیموں میں غیر ضروری تبدیلیوں سے اجتناب کیا جائے، جبکہ ہر منصوبے میں سیلاب، قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو لازمی حصہ بنایا جائے۔پی اینڈ ڈی بورڈ نے واضح کیا ہے کہ صرف باقاعدہ منظور شدہ ترقیاتی سکیموں پر ہی سرکاری فنڈز خرچ کیے جا سکیں گے۔ مزید برآں تمام صوبائی محکموں کو 31 اگست تک اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ حکومت بجٹ کے مؤثر استعمال اور کارکردگی کی بنیاد پر محکموں کی درجہ بندی بھی جاری کرے گی۔