ایم کیو ایم مسلم لیگ (ن) کی ترجمان بن چکی ہے، سندھ حکومت
کراچی (جسارت نیوز) سندھ حکومت کے ترجمان نے مصطفی کمال کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کراچی کے حقوق کی نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان بن چکی ہے۔ترجمان حکومت سندھ سکھدیو ہیمنانی نے مصطفی کمال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سے پہلے کراچی پر ایم کیو ایم کی بوری بند لاشوں کی سیاست مسلط رہی جس کی وجہ سے شہر ترقی نہ کرسکا۔اپنے بیان میں سکھدیو ہیمنانی نے کہا کہ ایم کیو ایم اور ایک اور جماعت نے 35 سال کراچی پر حکومت کی مگر شہر کو مسائل کے سوا کچھ نہ دیا۔ آج جب پاکستان پیپلز پارٹی کام کر رہی ہے تو ہمیں ہر شعبے میں ازسرِنو بنیادیں رکھنا پڑ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جو اپنی صفوں میں اتحاد برقرار نہ رکھ سکی وہ کراچی کو کیا متحد کرے گی؟ آج کراچی کو الگ کرنے کی بات ایم کیو ایم کس کی ایما پر کر رہی ہے؟ مصطفی کمال نے خود ایم کیو ایم کے را سے منسلک ہونے کے ثبوت دیے تھے۔ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ کراچی آج بھی ایم کیو ایم کی تباہ کن سیاست کی قیمت ادا کر رہا ہے اور مصطفی کمال ان خرابیوں کا حصہ رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ آج ایم کیو ایم کراچی کے حقوق کی نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان بن چکی ہے۔ سکھدیو ہیمنانی نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت سے بوکھلا کر ایم کیو ایم مسلم لیگ (ن) کے بیانیے کو تقویت پہنچانے کے لیے میدان میں اتری ہے۔